نئی دہلی: 30 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) دہلی کی ایک عدالت نے منگل کو اہلیہ سننداپشکرکی موت کے معاملہ میں ملزم کانگریس لیڈر ششی تھرور کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔ خصوصی جج ارون بھاردواج نے تھرور کو پانچ مئی سے 20 مئی تک امریکہ جانے کی اجازت دی ہے۔ تھرور نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں وہاں کچھ میڈیا کانفرنسوں میں حصہ لینا ہے۔ اس کیس میں ضمانت دیتے ہوئے عدالت نے انہیں ہدایت دی تھی کہ بغیر پیشگی اجازت کے ملک نہ چھوڑیں۔ سابق مرکزی وزیر پر تعزیرات ہند کی دفعہ 498-A اور 306 کے تحت الزام لگائے گئے تھے، لیکن کیس میں ان کی گرفتاری نہیں ہوئی تھی۔شہر کے ایک لگژری ہوٹل کے کمرے میں 17 جنوری 2014 کی رات پشکر مردہ پائی گئی تھیں۔ یہ جوڑا ہوٹل میں مقیم تھا؛کیونکہ اس وقت ششی تھرور کے سرکاری بنگلے میں مرمت کا کام چل رہا تھا۔